لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے راولپنڈی میں شدید بارش اور نالہ لئی میں طغیانی کے خدشہ کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122 تمام انتظامات مکمل رکھیں۔
وزیراعلی پنجاب کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ امدادی سرگرمیوں کیلئے ہمہ وقت تیار رہا جائے اور نشیبی علاقوں سے فوری نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے۔
عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ نکاسی آب کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں، ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کو کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے، نشیبی علاقوں سے پانی فوری طور پر نکال کر رپورٹ پیش کی جائے، شہریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہیئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نکاسی آب کے کاموں میں غفلت قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔ افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے خود فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کے کام کی نگرانی کریں۔