لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عید پر پولیس اور انتظامیہ نے ٹیم ورک کے طور پر کام کیا، متعلقہ اداروں کی کارکردگی قابل ستائش رہی، افسران اور اہلکار مبارکباد کے مستحق ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عیدالاضحی پر عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے پنجاب بھر میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار نے عید ڈیوٹی کرنے والے انتظامی و پولیس افسران، اہلکاروں کو شاباش دی اور کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی کارکردگی کی تعریف کی۔
اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ دوسروں کے آرام اور سکھ کیلئے اپنی خوشی قربان کرنے والے قابل ستائش ہیں، ڈیوٹی کو دوسرے کی سہولت کیلئے سرانجام دینا کسی عبادت سے کم نہیں، پولیس اور انتظامیہ کے افسران و اہلکاروں نے لگن اور عزم کے ساتھ فرائض سرانجام دیئے، متعلقہ افسروں و اہلکاروں کو شبانہ روز محنت پر مبارکباد دیتا ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فول پروف انتظامات کر کے عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا گیا، صوبے کے عوام نے پر امن ماحول میں عیدالاضحی کی خوشیاں منائیں، اسی جذبے، محنت اور عزم کے ساتھ آئندہ بھی قیام امن کیلئے کام کرنا ہے، تمام محکموں اور اداروں نے جس طرح ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کیا وہ قابل تحسین ہے، ہمیں اسی طرح مل کر کام کرتے ہوئے باہمی اتحاد سے ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہے۔