لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں کورونا کیسوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایس او پیز پر موثر انداز میں عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی جس میں کورونا کی چوتھی لہر سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کورونا سے بچنے کیلئے شہریوں کو پہلے سے زیادہ احتیاط کرنا ہوگی۔ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کے باعث کورونا میں اضافہ ہو رہا ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ شہریوں کو احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوام کا تعاون بے حد اہمیت کا حامل ہے۔ انسداد کورونا کیلئے حکومتی گائیڈ لائنز پھر عمل کرنا شہریوں کے اپنے مفاد میں ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ویکسی نیشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کورونا کی تازہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے اس کا پھیلاؤ روکنے کے اقدامات اور ویکسی نیشن کے بارے میں بھی بریف کیا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ حکومت کی ہدایات پر عمل کریں۔ کورونا گائیڈ لائنز پر عمل کرکے خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں۔