وزیراعلی پنجاب کا صفائی انتظامات کے جائزے کیلئے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ

Published On 21 July,2021 03:01 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عیدالاضحی پر صوبہ بھر میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے لاہور میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار لوکل گورنمنٹ بورڈکمپلیکس ساندہ پہنچے اور مرکزی کنٹرول روم سے پنجاب بھر میں عید الاضحی پر صفائی کیلئے کیے جانیوالے انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یہاں اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔ صوبائی سیکرٹری بلدیات نے صفائی کیلئے کیے جانیوالے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ویڈیو لنک پر مختلف شہروں کی انتظامیہ سے گفتگو کی اورصفائی کے انتظامات کے بارے میں ضروری ہدایات دیں۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ عید الاضحی پر شہروں کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ آلائشوں کو بروقت اٹھایاجائے اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے۔ سڑکوں یا گلی محلوں میں آلائشیں نظر نہیں آنی چاہئیں۔ لاہور سمیت تمام شہر صاف ستھرے ہونے چاہئیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں،متعلقہ ادارے اورانتظامیہ صفائی انتظامات کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں۔ صفائی کے انتظامات گزشتہ برس کے مقابلے میں بہتر ہونے چاہئیں۔ متعلقہ اداروں کے افسران صفائی کے انتظامات کی خود مانیٹرنگ کریں۔ صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ صفائی کے بارے میں شہریوں کی شکایات پر فوری طور پر کارروائی کی جائے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ صفائی کے انتظامات کی خود نگرانی کررہا ہوں، غفلت یا کوتاہی پرایکشن ہو گا۔ جزا اور سزا کے بغیر کوئی نظام آگے نہیں بڑھ سکتا- افسران صفائی کے انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے خودفیلڈ پر موجود رہیں۔

صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ وکمیونٹی ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ،کمشنر لاہو رڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے،چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
 

Advertisement