لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ انتظامی امور کی کارکردگی کو بہتربنانا ترجیح ہے، عید پر صفائی کا چیلنج پورا کر کے دکھایا، لاہور کو صاف دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، عید کے دوسرے روز کراچی گیا، صفائی کی صورتحال دیکھ کر دل دکھی ہوا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صفائی مہم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سرٹیفیکیٹ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی یا دیگر شہروں کے مقابلے میں لاہور میں بہتر صفائی کی صورتحال دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، عیدالضحیٰ کے بعد افسروں اور ملازمین نے بہترین کام کیا ہے، محکمے کے تمام افراد تعریف اور مبارکباد کے مستحق ہیں۔
قبل ازیں عیدالاضحی اور عید تعطیلات کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں حسن کارکردگی سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی۔ وزیراعلی آفس میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار تھے۔
وزیر اعلی نے عیدالاضحی پر صفائی مہم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسروں کو تعریفی سر ٹیفکیٹ دیئے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی پہلے، بہاولپور دوسرے اور سیالکوٹ تیسرے نمبر پر رہی۔ بلدیاتی اداروں میں گجرات پہلے اور اوکاڑہ دوسرے نمبر پر رہا۔
وزیراعلی عثمان بزدار نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نورالامین مینگل، کمشنرز بہاولپور، ملتان اور لاہور کو حسن کارکردگی کے سرٹیفکیٹ دیئے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی سی ای او رافیعہ حیدر کو سر ٹیفکیٹ اور نقد انعام دیا گیا۔ سیالکوٹ اور بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز خالد جاوید اور نعیم اختر کو بھی سر ٹیفکیٹ ملا۔
لوکل گورنمنٹ اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی ڈی جی کوثر خان اور پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ کی سیکرٹری سائرہ عمر کو بھی سر ٹیفکیٹ دیا گیا۔ گجرات، اوکاڑہ اور سیالکوٹ کے ڈپٹی کمشنرز مہتاب وسیم اظہر، علی اعجاز اور طاہر فاروق کو بھی سرٹیفکیٹس دیئے گئے۔ میونسپل کارپوریشنز اوکاڑہ، گجرات اور بورے والا کے چیف آفیسر ز ارحم نذیر، قمر ذیشان اور اکرم واہلہ کو تعریفی سرٹیفکیٹس دیئے گئے۔