پیپلزپارٹی نے افغانستان معاملے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کر دیا

Published On 17 August,2021 03:34 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی نے افغانستان پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان کو آن بورڈ لیا جائے، حکومت افغان صورت حال پر پالیسی واضح کرے، سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لیا جائے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر فوری عمل کیا جائے، سی پیک کے منصوبے پاکستان کی ترقی کیلئے بہت ضروری ہیں، سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی کا ازسر نو جائزہ لیا جائے، سی پیک منصوبوں کو مکمل اور فول پروف سکیورٹی دی جائے، اگر حکومت توجہ نہیں دے گی تو دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوگا، داسو اور کراچی میں دہشتگردی کے واقعات ہوئے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ایک انچ کو دہشتگردوں کے حوالے کرنے کیلئے تیار نہیں، ہمیں اپنے آئینی و قانونی وعدے پورے کرنے پڑیں گے، افغانستان میں جاری صورتحال پر پارلیمان کو اعتماد میں لیا جائے، حکومت افغان صورتحال پر اپنی پالیسی واضح کرے، اسلام کے نام پر دہشتگردی کرنیوالوں کو عوام نے بار بار رد کیا۔
 

Advertisement