کابل: (دنیا نیوز) طالبان نے افغانستان میں سرکاری ملازمین کیلئے عام معافی کا اعلان کر دیا، کابل میں حالات نارمل ہیں، گورنمنٹ ملازمین کام پر واپس آ جائیں۔ دوسری طرف بھارت نے کابل سے سفارتی عملے کے 120 ارکان کو واپس بلا لیا۔
افغانستان میں طالبان حالات معمول پر لانے کے لئے متحرک، تمام سرکاری افسروں اور ملازمین کے لئے عام معافی کا اعلان کر دیا۔ طالبان رہنماؤں کی طرف سے بڑا اعلان سامنے آیا کہ کابل میں حالات نارمل ہیں، سرکاری ملازمین کام پر واپس آجائیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ سب کے لیے عام معافی ہے۔ اس لیے لوگ پورے اعتماد کے ساتھ معمول کی زندگی گزار سکتے ہیں۔
طالبان ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ لوگوں کی حفاظت طالبان کی ذمہ داری ہے، بھارت کا رونا دھونا افغان حکومت ختم ہونے پر ہے، اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہونے نہیں دیں گے۔
دوسری طرف بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے کابل سے سفارتی عملے کے 120 ارکان کو واپس بلا لیا، بھارتی ائیرفورس کا خصوصی طیارہ عملے کو واپس لے کر بھارت پہنچ گیا۔
بھارتی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال کے پیش نظر سفارت کاروں اورعملے کو فوری واپس بلا لیا، پناہ گزینوں کیلئےخصوصی ویزوں کااجرا بھی کردیا گیا۔