افغانستان میں پھنسے شہریوں کی واپسی، مزید خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ

Published On 20 August,2021 05:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی آئی اے نے مزید دو خصوصی پروازیں افغانستان کے شہر کابل کیلئے روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سی ای او ارشد ملک عملے کی حوصلہ افزائی کیلئے خود پہلی پرواز کے ساتھ روانہ ہو گئے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پروازیں کابل میں پھنسے پاکستانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کو پاکستان لائیں گی۔ پہلی پرواز ائیر بس 320 جبکہ دوسری بوئنگ 777 سے آپریٹ ہوگی۔

سی ای او ارشد ملک کابل ائیرپورٹ پر افغان سول ایوی ایشن اور نیٹو افواج حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے جبکہ ائیر پورٹ پر نئی حکومت بننے کے بعد پاکستانی سفیر منصور خان کے ہمراہ انتظامی امور اور آپریشنز کا جائزہ بھی لیں گے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کی ہدایات کے مطابق افغانستان کے دوسرے شہروں سے پروازیں چلانے کا کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب پی آئی اے نے کابل میں پاکستانی سفارتخانہ اور مقامی حکام کے تعاون سے جمعہ کو مزید 350 مسافروں کو کابل سے اسلام آباد پہنچایا۔ دستیاب تفصیلات کے مطابق پاکستان پہنچنے والے مسافروں میں غیر ملکی اور عالمی بینک ودیگر بین الاقوامی تنظیموں سے منسلک افغان شہری شامل ہیں۔

افغان وائرلیس کمیونیکیشن، ویمکو امتیاز کنسٹرکشن کمپنی، سکائی ایرولاجسٹک اور فلپائن کے سفارتخانہ کیلئے کام کرنے والے بھی ان مسافروں میں شامل ہیں۔

افغانستان میں پاکستان کے سفیرمنصوراحمدخان نے بتایا کہ پاکستانی سفارت خانہ نے افغانستان سے لوگوں کے محفوظ انخلا کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے ذریعے بعض مسافروں کو جمعرات کے روز اسلام آباد پہنچایا گیا جبکہ جمعہ کو مزید دو پروازوں کے ذریعے مسافروں کو منتقل کیا جا رہا ہے۔

اسی طرح آنے والے دنوں میں مزید پروازوں کے ذریعہ لوگوں کو منتقل کیا جائے گا۔ پاکستان کے سفیر نے کہا کہ مسافروں کو پاکستانی سفارت خانہ کے کمپاؤنڈ سے بحفاظت ائیرپورٹ تک پہنچانے کیلئے کوسٹر وینز کا بندوبست کیا گیا ہے، اسی طرح سفارتخانہ مسافروں کو طیاروں پر بٹھانے میں بھی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ ان تمام لوگوں کو سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے گا جو پاکستان جانا چاہتے ہیں یا پاکستان کو بطور ٹرانزٹ روٹ استعمال کرنے کے خواہش مند ہیں۔

پاکستانی سفارت خانے کا عملہ لوگوں بالخصوص افغانستان میں کام کرنے والے بین الاقوامی ایجنسیوں کے عملہ کو سہولیات کی فراہمی کیلئے دن رات کام کر رہا ہے۔

اس موقع پر مختلف بین الاقوامی اورمقامی افغان کمپنیوں کے عملہ نے محفوظ انخلا میں معاونت اورسہولیات کی فراہمی پرپاکستان کی حکومت اورسفارت خانہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کے شکر گزار ہیں کہ ہمیں ان مشکل حالات میں افغانستان سے پرامن اورمحفوظ انداز میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
 

Advertisement