شہباز شریف کل کراچی جائیں گے، 29 اگست کو پی ڈی ایم جلسے سے خطاب شیڈول

Published On 26 August,2021 01:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کل سندھ کے 3 روزہ دورے پر کراچی جائیں گے جہاں 29 اگست کے پی ڈی ایم جلسے سے خطاب شیڈول ہے، اس دوران صوبے کی کئی اہم سیاسی شخصیات کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کا بھی امکان ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کل 3 روزہ دورے پر سہ پہر لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوں گے۔ مسلم لیگ ن سندھ نے پارٹی صدر کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لیں۔ ذرائع ن لیگ سندھ کے مطابق کراچی ائیرپورٹ پر لیگی رہنما شہباز شریف کا استقبال کریں گے۔ مسلم لیگ ن کے پی کے کے صدر انجینئر امیر مقام، سندھ کے صدر اور دیگر لیگی رہنما کارکنان کے ہمراہ ائیرپورٹ پہنچیں گے۔ شہباز شریف کو کراچی ائیر پورٹ سے ریلی کی شکل میں لے جایا جائے گا۔

ذرائع ن لیگ سندھ کے مطابق شہباز شریف دورہ کراچی میں مختلف سیاسی و کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ شہباز شریف مسلم لیگ ن سندھ کے اجلاس کی بھی صدارت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں تنظیمی امور اور مفتاح اسماعیل کے استعفے کا معاملہ زیر غور آئے گا۔

مسلم لیگ ن کے صدر 29 اگست کو ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت اور خطاب کریں گے۔ ذرائع ن لیگ کے مطابق سندھ کی کئی اہم سیاسی شخصیات کی شہباز شریف کی موجودگی میں مسلم لیگ ن میں شمولیت کا بھی امکان ہے۔