صدر مملکت کا عالمی حالات کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مصنوعی ذہانت اختیار کرنے پر زور

Published On 31 August,2021 08:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بدلتے ہوئے عالمی حالات کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مصنوعی ذہانت اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔

انہوں نے منگل کے روز اسلام آباد میں مصنوعی ذہانت کے حوالے سے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایک مضبوط قوم بننے کے لئے ایک ایسی نسل تیار کرنی ہے جو مصنوعی ذہانت اور سائبر سکیورٹی کے علم سے ہم آہنگ ہو۔

صدر مملکت نے سائنسی لحاظ سے جدید بین الاقوامی منڈیوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے تعلیمی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے تعلیم کی تیز تر فراہمی کے لئے روایتی ذرائع کے بجائے جدید تدریسی طریقوں کے فروغ پر بھی زور دیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مصنوعی ذہانت جو تقریباً زندگی کے ہر شعبے پر اثرانداز ہوئی ہے انسانی صلاحیتوں اور مستعدی بڑھانے کیلئے استعمال کی جا سکتی ہے۔
 

Advertisement