راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو نقصان پہنچانے والوں کے مکروہ ارادے ناکام بنا دیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران افغانستان کی صورتحال، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سی پیک کو نقصان پہنچانے والوں کے مکروہ ارادے ناکام بنادیں گے۔
چینی سفیر نونگ رونگ نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کیساتھ سٹریٹجک پارٹنر کے طور پرتعاون جاری رکھے گا۔ افغانستان میں حالیہ پیش رفت اورخطے میں امن و استحکام لانے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔