گھوٹکی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم غریب عوام کی ترقی چاہتے ہیں، آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی۔
سندھ کے ضلع گھوٹکی کے ڈگری کالج کے قریب تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی خدمت پریقین رکھتی ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا، ہم نےغربت کیخلاف جدوجہد کرنی ہے۔ خواتین ترقی کریں گی تو پوراپاکستان ترقی کرے گا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں لوگ بیروزگاری اور مہنگائی کیوجہ سے مشکل میں ہیں۔ احساس کہنےوالوں کو عوام کا احساس ہی نہیں ہے۔ آصف زرداری بی آئی ایس پی پروگرام لے کر آئے، بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کامذاق اڑایا جاتا تھا۔ دنیا نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو سراہا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی، ہم غریب عوام کی ترقی چاہتے ہیں، عمران خان نے 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کر کے الٹاغریبوں کے گھر گرا دیئے گئے۔ موجودہ حکومت میں لوگ بےروزگاری اورمہنگائی کیوجہ سےمشکل میں ہیں، موجودہ حکومت میں عوام بے روزگاری اورمہنگائی کی وجہ سے مشکل میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نےکچھ نیانہیں کیا، صرف پیپلزپارٹی کی نقل کی ہے۔ ہماری حکومت آئےگی توانکم سپورٹ پروگرام بہتراندازمیں چلائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عورتوں کواگرحقوق ملےہیں تووہ صرف اسلام نےدیئےہیں۔ کچھ لوگ اسلام کے نام پرعورتوں کے حقوق سلب کرنا چاہتے ہیں۔