ٹنڈو الٰہ یار: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جیالے جانتے ہیں جلسہ، مارچ کیسے کیا جاتا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت تبدیلی کا اصل چہرہ ہے، عمران خان کی معاشی پالیسیوں سے عوام کا معاشی قتل جاری ہے۔
ٹنڈو الٰہ یار میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ کرکے غریب عوام سے چھت چھین لیں، بنی گالا کا گھرریگولرائزکرالیا یہ مدینہ کی ریاست ہے، خان چوروں کے خلاف بڑا شورمچاتا تھا خود چوری کرنا شروع کردی ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق موجودہ حکومت میں تاریخی کرپشن ہورہی ہے، خان صاحب نے آٹا، چینی بھی چوری کرایا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان دھاندلی کرکے وزیراعظم بنا ہے، موجودہ حکومت نے سٹیل مل کوبند کراکردس ہزار لوگوں کو بے روزگار کر دیا، ہم 16ہزارمتاثرین کا ساتھ دیں گے، پارلیمان سپریم انسٹوٹیشن ہے جوکام پارلیمان کرواتا ہے وہ کام کوئی نہیں روک سکتا، ہم کسی کوروزگارچھیننے کی اجازت نہیں دیں گے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آصف زرداری دورمیں روزگاردلانے کے ریکارڈ ٹوٹ گئے، خان صاحب کے دورمیں نوکریاں دینے کے بجائے روزگارچھینے جارہے ہیں۔ فوجیوں کی تنخواہوں میں صرف پیپلزپارٹی نے اضافہ کیا، پیپلزپارٹی کی حکومت میں ہمیشہ روزگارملتا ہے۔ سلیکٹڈ نے تین سالوں میں تنخواہ،پنشن میں اضافہ نہیں کیا۔
ان کاکہنا تھا کہ ہم کسی بھی صوبے کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے، وزیراعلیٰ سندھ صبح سے کھلی کچہریوں کا آغازکریں گے۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ غریب آدمی کوریلیف دیا، ایسی حکومت چاہیے جوعوام کوریلیف دے، پیپلزپارٹی حکومت نے عوام کولاوارث نہیں چھوڑا تھا، پیپلزپارٹی نے بے نظیرانکم سپورٹ کے ذریعے غریب کی مدد کی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تین سالہ تباہی پرچند دن پہلے جشن منایا، عمران خان کی معاشی پالیسیوں سے عوام کا قتل ہو رہا ہے، ملک میں غربت اورمہنگائی میں تاریخی اضافہ ہوچکا ہے، یہ تبدیلی کا اصل چہرہ غریب دشمنی ہے، تبدیلی کا اصل چہرہ مہنگائی اورغربت ہے۔ پیپلزپارٹی پاکستان کوبچاسکتی ہے، آپ نے پیپلزپارٹی کا ساتھ دینا ہے، جیالے اپنے حقوق کا تحفظ کرنا جانتے ہیں، جیالے جانتے ہیں جلسہ،مارچ کیسے کیا جاتا ہے۔
اس سے قبل ٹنڈو الہ یار میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے عوام کے روزگار پر ڈاکا ڈالا ہے۔ جیالوں کو تیاری کرنی ہوگی تاکہ اس نا اہل حکومت کا مقابلہ کرسکیں۔ جب بھی غیر جمہوری حکومت ہوتی ہے تو وہ عوام کا خون چوستے ہیں اور ان کے حقوق پر ڈاکا ڈالا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر یہ سلیکٹڈ حکومت ہر طرف سے حملہ آور ہے، وہ انسانی حقوق چھیننا چاہتے ہیں، جمہوری حقوق ہر ڈاکا ڈال رہے ہیں، اور پورے پاکستان کے عوام کے معاشی قتل پر اتر آئے ہیں۔جس طریقے سے پہلے روز سے اس ملک کے غریب عوام اس حکومت کے نشانے پر تھی، جب سے یہ حکومت آئی ہے بیروزگاری، غربت مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ مہنگائی کی شرح پاکستان کی بنگلہ دیش، افغانستان سے بھی زیادہ ہے، یہ عمران خان کی تبدیلی ہے۔ غربت اور بیروزگاری میں اضافہ جو اس حکومت میں ہوا اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی حکومت میں ہوکر کوشش کرتی ہے کہ غریب عوام کا ساتھ دیں مگر اس حکومت نے عوام کے روزگار کے حق پر ڈاکا ڈالا ہے۔ پیپلز پارٹی کے دور میں جنہیں روزگار ملا تھا انہیں بھی بیروزگار کردیا گیا، پورے ملک میں پبلک سروس کمیشن چلتا ہے صرف ایک صوبہ ہے جہاں اس پر تالا لگا ہوا ہے۔ یہ اس لیے کیونکہ سندھ پبلک سروس کمیشن بند پڑا ہوا ہے، 16 ہزار خاندانوں کے ساتھ ناانصافی ہوی ہے۔ کیا ہماری قسمت میں لکھا ہے کہ ہم ہمیشہ غریب ہی رہیں گے، ہم سب کو ملکر انہیں بھگانا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کو لانا ہے۔ خان صاحب کی اگر 3 سال میں کوئی کامیابی ہے تو وہ تاریخی غربت ہے، تاریخی بیروزگاری ہے، تاریخی مہنگائی ہے۔