اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کشمیریوں پر مظالم سے بھارت کا جعلی جمہوری چہرہ عیاں ہوگیا، پاکستان سید علی گیلانی کے جنازے میں شرکت سے کشمیری عوام کو روکنے کی مذمت کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سید علی گیلانی نے زندگی بھر اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، پاکستان حق خودارادیت کے حصول پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ کابل ایئر پورٹ پر حملے افسوسناک تھے، لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں، افغانستان کے حالات کی وجہ سے پاکستان نے بڑی تعداد میں جانی و مالی قربانیاں دیں، پاکستان سے بڑھ کر افغانستان میں امن کا خواہاں کوئی اور ملک نہیں ہوسکتا، افغانستان کے حوالے سے پاکستان کا موقف تعمیری اور واضح ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے وزیر خارجہ نے وسط ایشیائی ریاستوں کا دورہ کیا، وزیراعظم عمران خان نے افغان مسئلے پر کئی ملکوں کے سربراہان سے بات کی، پاکستان نے افغانستان سے غیر ملکیوں کے انخلا میں مدد کی۔