نیا پاکستان بٹن دبانے سے نہیں بنے گا: وزیراعظم

Published On 03 September,2021 05:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان بٹن دبانے سے نہیں بنے گا، تبدیلی جدوجہد کا نام ہے، سسٹم بدلنے میں وقت لگتا ہے۔

پاکستان پراپرٹی، ہاؤسنگ اور کنسٹرکشن ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ سیکٹر کی ہر ممکن مدد کریں گے، پاکستان میں غریب لوگوں کو گھروں کی ضرورت ہے، غریب عوام کے لیے گھر بنانے کی سہولت کسی نے نہیں دی، اب بینکس غریب عوام کو گھر بنانے کے لیے قرضہ دیں گے، تعمیراتی صنعت چلے گی تو اس سے لوگوں کو فائدہ ہو گا، تعمیراتی شعبے میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہوتی ہے زیادہ سے زیادہ چیزیں پاکستان میں بنیں۔ ملک دیہاڑی دار لوگوں کو موقع ہی نہیں ملا کہ اپنا گھر بنا سکیں، وہ ملک کبھی ترقی نہیں کرسکتا جہاں ایک طبقہ امیر اور زیادہ لوگ غریب ہوں، بھارت میں اس وقت غربت کی انتہا ہے،

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین نے سب سے پہلے کمزور طبقے کی مدد کی، پاکستان میں کمزور طبقے کے لیے کبھی پالیسی نہیں بنائی گئی، نیا پاکستان ایک جدوجہد کا نام ہے، ہماری کوشش رغیب طبقے کو اوپر اٹھنا ہے، کورونا کی وجہ سے پوری دنیا میں حالات خراب ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے دوران عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو فون کر کے کنسٹرکشن سیکٹر کے لیے رعایت حاصل کی، پاکستان میں مائنڈ سیٹ تبدیل کرنے کا کام شروع ہو گیا ہے۔ سسٹم تبدیل کرنے میں وقت لگتاہے۔ ایف بی آر میں اصلاحات لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
 

Advertisement