لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ 7 ستمبر کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے مکار دشمن کی فضائی طاقت کو خاک میں ملا دیا، پاکستان کے شاہینوں نے جرأت، شجاعت اور بہادری کی عظیم داستانیں رقم کیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے یومِ فضائیہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاک فصائیہ کے جانبازوں نے فضائی حدود کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کو شکست دی، 7 ستمبر 1965ء کا دن پاک فضائیہ کی تاریخ کا سنہری باب ہے، پاک فضائیہ کے ناقابل فراموش کارناموں کو دنیا کی دفاعی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ قوم کو پاک فضائیہ کے شاہینوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر ناز ہے، پاک فضائیہ 1965ء والے جذبے سے سرشار اور دشمن کی ہر چال کا جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر فروری 2019 میں بھارت کے 2 جنگی طیاروں کو گرا کر ایک بار پھر بھرپور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔