پاکستان سے 30 ٹن خوراک اور ادویات لے کر طیارہ افغانستان پہنچ گیا

Published On 09 September,2021 01:03 pm

کابل: (دنیا نیوز) پاکستان سے 30 ٹن خوراک اور ادویات لے کر طیارہ افغانستان پہنچ گیا۔ کابل میں پاکستان کے سفیر اور افغان حکام نے امدادی سامان وصول کیا۔

پاکستانی سفیر منصور احمد خان کا کہنا تھا کہ کابل میں افغانی حکام نے امدادی سامان وصول کیا، امدادی سامان افغانستان آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا، کل امدادی سامان کی دوسری فلائٹ قندھار ائیرپورٹ پہنچے گی، پرسوں خوست ائیر پورٹ پر طیارہ امدادی سامان لے کر پہنچے گا۔

یاد رہے گزشتہ روز پاکستان نے افغانستان کو انسانی بنیادوں پر خوراک اور ادویات بھجوانے کا فیصلہ کیا تھا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے ایک بیان میں کہا تھا کہ فضائی راستے سے فوری امداد کے بعد زمینی راستے سے امداد بھی بھجوائی جائے گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت موجودہ مشکل صورتحال میں افغان بھائیوں کی امداد جاری رکھے گی، عالمی برادری بحران میں افغانستان کی انسانی بنیادوں پر امداد کیلئے کردار ادا کرے۔ عبوری افغان حکومت کے اعلان پر ردعمل میں ترجمان کا کہنا تھا امید ہے عبوری افغان حکومت ملک میں امن و سلامتی کیلئے کام کرے گی۔
 

Advertisement