مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں دہائیوں سے منظم مافیا کی جانب سے تعمیراتی فنڈز کو لوٹا جارہا ہے۔ درجنوں منصوبے سالوں بعد بھی تکمیل کو نہیں پہنچ سکے۔
آزاد کشمیر میں گزشتہ حکومتی ادوار میں بیسیوں ارب روپے کی خطیر رقم تعمیراتی منصوبوں اور سکیموں کے نام پر خرچ کیے جانے کا دعویٰ کیا جاتا رہا لیکن مختلف محکموں میں بیٹھی کالی بھیڑوں اور منظم مافیا کی ساز باز سے عوام ان کے ثمرات سے محروم رہی ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ نگرانی کے بوگس نظام، ناقص تعمیرات اور اس پر ناجائز مال بنانے کے رائج گندے دھندے کے باعث ریاست منظم مافیا کے لئے جنت بن چکی ہے۔
میرپور کے رٹھوئہ ہریام پل، پونچھ میں جامعہ کی عمارت، حویلی میں جھانجل پن بجلی منصوبے کی توسیع، باغ میں ارجہ سبزی منڈی اور دارلحکومت میں واٹر سپلائی سکیم، سیوریج لائنوں کی بحالی سمیت ریاست میں درجنوں منصوبوں پر ہونے والے خرچ کا شہریوں کو کوئی فائدہ نا پہنچایا جاسکا ہے۔