کراچی کے ساحلی زون کو سی پیک میں شامل کرنا گیم چینجر ہے:وزیراعظم عمران خان

Published On 26 September,2021 04:57 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے ساحلی زون کو سی پیک میں شامل کرنا گیم چینجر ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کراچی کو دیگر ترقی یافتہ پورٹ سٹی کے برابر لائیں گے،کم آمدنی والوں کیلئے 20ہزارگھریلو یونٹس تیار کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے ساحلی زون کو سی پیک میں شامل کرنا گیم چینجر ہے جبکہ ماہی گیروں کے لیے سمندر محفوظ بنائیں گے۔

 ایک اور ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے تاجر خرم محمود کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاکہ خرم محمود کی امریکہ میں رحلت کا سن کر نہایت رنجیدہ ہوں، وہ ایک کامیاب تاجر اور تحریک انصاف کے بےلوث سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ تھے، میری دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کل کراچی پہنچیں گے۔

وزیراعظم کراچی میں سرکلر ریلوے کے پہلے فیزکا سنگ بنیاد رکھیں گے، کراچی سرکلر ریلوے ڈھائی سو ارب روپے کی کثیر لاگت سے مکمل کیا جائے گا، منصوبے کے پہلے مرحلے میں انفراسٹرکچر مکمل کیا جائے گا ،دوسرے مرحلے میں آپریشنز بحال کیے جائیں گے، کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ 18 سے 24 ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

اس دوران کراچی میں اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی، پی ٹی آئی سندھ اسٹریٹجک کمیٹی سے ملاقات کریں گے، وزیراعظم سندھ کے حوالے سے اپنے اگلے دو سالہ لائحہ عمل کا بھی اعلان کریں گے، وزیراعظم گورنر ہاوس کراچی میں علمائے کرام سے ملاقات بھی کریں گے۔
 

Advertisement