کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنرنے گورنرہاوس میں ملاقات کی، ملاقات میں سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملاقات میں قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر مونا شمس الدین اور پولیٹیکل ایڈوائزر بتول زہرا بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان برطانیہ سے دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، حکومت آزادی اظہار کے بنیادی، جمہوری اور آئینی حق پر یقین رکھتی ہے، اقتصادی شعبے میں پاک-برطانیہ تعاون میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔
ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے برطانوی سرمایہ کارپاکستان خصوصاً کراچی میں سرمایہ کاری کے لئے راغب ہو رہے ہیں،پاکستانی نژاد شہری برطانیہ کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں، سیاست، تجارت اور کھیل کے شعبوں میں پاکستانیوں کی خدمات قابل ذکر ہیں۔