وزیراعظم کی پالیسی ہے بہکے ہوئے گروپوں کو موقع فراہم کرنا چاہیے: فواد چودھری

Published On 02 October,2021 07:08 pm

جہلم: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی پالیسی ہے وہ پاکستانی گروپ جو بہک گئے تھے ہمیں ان کو موقع فراہم کرنا چاہیے اور ضروری ہے کہ ان لوگوں کو واپس لائیں جو امن کی طرف آنا چاہتے ہیں۔

جہلم کے علاقے پنڈ دادنخان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں 75 لاکھ پودے لگائے جا چکے ہیں، نجی شعبہ بھی ہمارے ساتھ مل کر درخت لگا رہا ہے۔ ہمارا ضلع پودے لگانے میں سب سے آگے ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان صرف پاکستان کے لیڈر نہیں، وہ اس خطے اور پوری مسلم امہ کے لیڈر ہیں، ہماری خوش قسمتی ہے کہ پاکستان کو مشکل وقت میں ایک ایسا لیڈر میسر آیا جو قومی و عالمی سیاست میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ ہم اپنی باتیں کرتے ہیں کہ مہنگائی ہو گئی ہے مشکلات ہیں مگر عمران خان دنیا کی بات کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ افغانستان کے مسئلے پر پوری دنیا عمران خان کی بات سنتی ہے۔ افغانستان میں جو کچھ ہوا ہے وہ کردار آپ کے سامنے ہے۔ افغانستان کے اندر بھارت کی ریشہ دانیاں ختم ہوئی ہیں، افغانستان میں فوجی نہیں، سیاسی حل کی طرف جانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2018ء میں جب عمران خان کی حکومت آئی تو وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں بات چیت سے مسائل حل کریں۔ پاکستان ہی تھا جس نے امریکا اور طالبان کے درمیان بات چیت کرائی۔ اس جنگ میں ہمارے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں۔ ملک کے لیے چکوال، جہلم، گلگت بلتستان، بلوچستان سب لوگوں نے قربانیاں دی ہیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی پالیسی ہے وہ پاکستانی گروپ جو بہک گئے تھے ہمیں ان کو موقع فراہم کرنا چاہیے اور ضروری ہے کہ ان لوگوں کو واپس لائیں جو امن کی طرف آنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان نے ایجنڈا پیش کیا ہے جو لوگ ملکی آئین کو مانیں گے ان سے بات چیت ہو گی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کی وجہ سے معاشی بحران ہے۔ بلاول اور مریم کو اس خطے کی پیچیدگیوں کا ہی پتہ نہیں۔ پاکستان کی باگ ڈور ان بچوں کے حوالے نہیں کرسکتے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں آمریت مسلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن ہو گا تو معیشت بھی بہتر ہو گی۔ عمران خان کی قیادت میں مضبوط پاکستان جنم لے چکا ہے۔ ملک کی تمام توجہ سکیورٹی اور معیشت پر ہے۔ عمران خان کی سیاست دانش مندی کی سیاست ہے۔
 

Advertisement