حکومت پنڈورا پیپرز میں ملوث پاکستانیوں کی تحقیقات کریگی:وزیراعظم

Published On 03 October,2021 10:19 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)پنڈورا پیپرز کے ہوشربا انکشاف کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنڈورا پیپرز میں ملوث تمام پاکستانیوں کی تحقیقات کرے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اشرافیہ کی غیر قانونی دولت منظرعام پرلانےکوسراہتے ہیں، جو بھی قصوروار ہوااس کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنڈوراپیپرزمیں ملوث تمام پاکستانیوں کی تحقیقات کرےگی جبکہ منی لانڈرنگ،ٹیکس چوری کیلئے آف شور کمپنیاں جنت ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں نے 2 دہائیاں اسی بنیاد اور یقین پرجدوجہد کی ، ممالک غریب نہیں ہیں لیکن کرپشن غربت کاسبب بنتی ہے، کرپشن کے وجہ سےغریب ممالک کی کرنسی بے قدر ہوچکی ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ایسٹ انڈیا کمپنی نے ہندوستان کی دولت لوٹی، اسی طرح ترقی پذیردنیا کےحکمران اوراشرافیہ بھی یہی کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ اگر اس کو ایسے چھوڑا گیا تو امیر اور غریب ریاستوں کے درمیان عدم مساوات میں اضافہ ہوگا، اس سے بعد میں غربت میں بھی اضافہ ہوگا۔ جس کے نتیجے میں غریب سے امیر ریاستوں میں معاشی نقل مکانی کا سیلاب آئے گا جبکہ دنیا بھر میں مزید معاشی اور سماجی عدم استحکام پیدا ہوگا۔
 

Advertisement