پی آئی اے کا برطانیہ اور یورپی ممالک کیلئے چارٹرڈ فلائٹ آپریشن کو مزید وسیع کرنیکا فیصلہ

Published On 09 October,2021 12:18 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پی آئی اے نے برطانیہ اور یورپی ممالک کیلئے چارٹرڈ فلائٹ آپریشن کو مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پی آئی اے نے چارٹر طیارہ کمپنیوں سے درخواستیں طلب کرلیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق چارٹرڈ پروازوں کیلئے سروس نومبر سے اپریل 2022 تک کیلئے درکار ہے۔ ایوی ایشن کمپنی کے پاس ایاٹا کا آپریشنل آڈٹ آپریٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ چارٹر سروس کے لیے 250 نشتوں والے جہاز درکار ہونگے۔ چارٹر پروازیں لندن، مانچسٹر، برمنگھم، پیرس اور میلان کے لیے چلائی جائینگی، اسلام آباد، لاہور سے برطانیہ اور یورپی ملکوں کے درمیان چارٹر پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ اور یورپ میں ایاسا کی طرف سے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی ہے، فلائٹ آپریشن جاری رکھنے کیلئے متبادل چارٹر پروازیں چلائی جا رہی ہیں، چارٹر پروازوں سے پی آئی اے کے زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوگا۔
 

Advertisement