گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ وی ٹی فور ٹینک پاک چین دفاعی تعاون کی ایک اور مثال ہے، ٹینک کی شمولیت سے فوج کی حملہ کرنے کی صلاحیت بڑھے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے گوجرانوالہ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران جدید ترین چینی ساختہ وی ٹی ٹینک فور کو سٹرائیک فارمیشن کا حصہ بننے کا عمل دیکھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے وی ٹی فور ٹینک کا عملی مظاہرہ دیکھا، وی ٹی فور ٹینک ایک جدید ترین جنگی مشین ہے، ٹینک گہرے پانی میں بھی مہارت سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ٹینک کو دنیا کے کسی بھی جدید ترین ٹینک سے موازنہ کیا جاسکتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسروں اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ وی ٹی فور ٹینک پاکستان چین دفاعی تعاون کی ایک اور مثال ہے، ٹینک کی شمولیت سے فوج کی حملہ کرنے کی صلاحیت بڑھے گی۔ جارحیت کا جواب دینے کے لیے روائتی صلاحیتوں کو خوب سے خوب تر بنانے کا عمل جاری رہنا ضروری ہے۔