'عمران خان آئینی وزیراعظم نہیں، ان کا اصول اور جمہوریت سے کوئی واسطہ نہیں'

Published On 13 October,2021 02:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ نیب کی ضمانت منسوخی کی درخواست سے لگتا ہے بچے ڈر رہے ہیں، مقدمات، گرفتاری اور جیل جانے سے نہیں ڈرتی، ضمانت منسوخ کریں، گرفتار کریں تاکہ دنیا کو پتا چلے آپ کتنا ڈرتے ہیں ؟ عمران خان آئینی وزیراعظم نہیں، ان کا اصول اور جمہوریت سے کوئی واسطہ نہیں، یہ ملک جادو ٹونے سے چلا رہے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درخواست کو پڑھ کر لگا جیسے بچے ڈر رہے ہیں، درخواست دینے والا اتنا سپر انٹیلی جنٹ کون ہے، نیب نے میری ضمانت منسوخی کی درخواست دی ہے، اس درخواست گزار کا چہرہ قوم کو دکھایا جائے، میں نیب میں اپنے اس ہمدرد کو دیکھنا چاہتی ہوں، درخواست دینے والے کو 21 نہیں 22 توپوں کی سلامی دینی چاہیئے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ گرفتاری سے ڈرتی ہوں نہ نیب سے، مجھے گرفتاری سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ڈرانے والے بھول میں ہیں، عمران خان آئینی وزیراعظم ہیں نہ منتخب، وہ سلیکٹڈ ہیں، عمران خان کے پاس عوام کا مینڈیٹ نہیں ہے، عمران خان وزیراعظم کی کرسی پر قابض ہیں، عمران خان جادو ٹونہ کے ذریعے ملک کو چلا رہے ہیں، جنتر منتر سے پٹرول اور آٹا سستا کیوں نہیں کرتے ؟ کیا آپ نے قوم کو بیوقوف سمجھ رکھا ہے؟۔

 لیگی رہنما نے کہا کہ آج آپ کو ووٹ کو عزت دو یاد آگیا ہے، عمران خان آئین کو روند کر آئے ہیں، سازش کرنا عمران خان کی پہچان ہے، ن لیگ کی جدوجہد عمران خان جیسے شخص کیخلاف ہے، ووٹ کو عزت دو کی خاطر جیل کاٹنی پڑتی ہے، جلا وطن ہونا پڑتا ہے، ووٹ کو عزت دو کی خاطر اٹک قلعہ میں جانا پڑتا ہے، نواز شریف بننے کی کوشش بھی نہ کریں، شیر کی کھال پہننے سے کوئی شیر نہیں بن جاتا۔

Advertisement