بی اے پی کے ترجمان عبدالرحمان کھیتران کا جام کمال پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام

Published On 14 October,2021 12:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلوچستان میں تحریک عدم اعتماد کا معاملہ، بی اے پی کے ترجمان عبدالرحمان کھیتران نے جام کمال پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگا دیا۔

ترجمان بی اے پی عبدالرحمان کھیتران کا کہنا ہے کہ جام کمال نے مجھے میرے بیٹے کے ذریعے آفر بھیجی، میرے بیٹے کو من پسند وزارت اور دیگر کی آفر کی گئی، پانی سر سے گزر چکا، ہر حال میں جام کمال کو جانا ہوگا۔

دوسری جانب بلوچستان عوامی پارٹی کے اندرونی اختلافات الیکشن کمیشن پہنچ گئے، وزیراعلیٰ جام کمال نے بطور پارٹی صدر خط لکھ دیا۔

چیف الیکشن کمشنر پاکستان کے نام لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ پارٹی کے جنرل سیکرٹری کا اختیار نہیں صدر کی موجودگی میں قائم مقام صدر منتخب کریں۔ انہوں نے تحریری طور پر پارٹی صدارت سے استعفیٰ نہیں دیا، وہ پارٹی کے امور تاحال چلا رہے ہیں، جنرل سیکریٹری کے لکھے گئے خط کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔

یاد رہے یکم اکتوبر کو وزیراعلی جام کمال نے ٹوئٹر پیغام میں پارٹی صدارت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
 

Advertisement