اسلام آباد:(دنیا نیوز)پاکستان نے افغان صوبے قندھار میں مسجد پر دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان نے افغانستان کے صوبہ قندھار کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خود کش بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں بہت سی قیمتی جانیں ضائع ، کئی افراد زخمی ہوئے جس پر پاکستانی حکومت اور عوام افغان عوام سے تعزیت کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان افغان عوام کے ساتھ ہے جبکہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردانہ کارروائیوں کی پر زور مذمت کرتا ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان کے صوبے قندھار میں نماز جمعہ کے دوران مسجد کے اندر خودکش بمبار نے دھماکے سےخود کو اڑا دیا جس سے 41افراد جاں بحق اور 70 زخمی ہوگئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق افغانستان کے باسیوں کو ایک اور خون ریز دن دیکھنے کو ملا اور قندھار میں نماز جمعہ کے دوران متعدد خودکش دھماکےہوئے جس سے جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 41ہوگئی ہے جبکہ 71افراد زخمی ہیں۔۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قندھار کی بی بی فاطمہ مسجد کو اس وقت خودکش بمباروں نے نشانہ بنایا جب لوگ نماز جمعہ کی تیاری کر رہے تھے،عینی شاہدین کے مطابق یکے بعددیگرے تین دھماکے ہوئے ،ایک دھماکہ مسجد کے دروازے پر، دوسرا وضو خانےمیں اور تیسرا دھماکہ نمازیوں کے درمیان ہوا۔
دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کو میر واعظ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ جمعے کو قندوز میں بھی ایک مسجد کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں کم از کم 55افراد جاں بحق اور سو سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔