اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے، عمران خان کہیں نہیں جارہے، اپنی مدت پوری کریں گے۔ نوازشریف مگر مچھ کے آنسو رو رہے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ جوڈو کراٹے، اکھاڑ پچھاڑ کرکے اپوزیشن اپنی سیاسی قبریں کھودے گی۔ مریم نوازکی گذشتہ روز کی تقریرسےعمران خان نکال دیں تواس میں کیاتھا، انہوں نےاداروں کیخلاف غیردانشمندانہ زبان استعمال کی، دھوبی گھاٹ میں جس طرح اداروں پربات کی گئی، اس طرح اداروں کوچوکوں ،چوراہوں پرڈسکس کریں گےتوآپ کیساتھ بھی دھوبی گھاٹ والاسلوک ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف جس طرح منصوبہ بندی کرکےلندن گئے،انہیں خون کےآنسورونےکی کوئی ضرورت نہیں۔ مریم نواز کہہ رہی تھیں نوازشریف خون کےآنسورورہاہے۔وہ خون کےنہیں مگرمچھ کےآنسورورہےہیں۔ اگر نوازشریف واپس آنےکی خواہش رکھتےہیں توانہیں کل ہی سفری دستاویزجاری کردیتےہیں۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ آج مہنگائی ہے،پوری دنیامیں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ کافی بڑی تعدادمیں ڈالرافغانستان چلے گئے۔مہنگائی پر قابو پانے کی پوری کوشش کریں گے۔پچھلےسال نومبرمیں مریم نےکہاتھاعمران خان جارہےہیں، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، عمران خان کہیں نہیں جا رہے، وہ اپنی مدت پوری کریں گے۔