غریب عوام پرمہنگائی کے ڈرون حملے کئے جا رہے ہیں: شہباز شریف

Published On 18 October,2021 05:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ غریب عوام پرمہنگائی کے ڈرون حملے کئے جا رہے ہیں، اگر مہنگائی کے اس سیلاب کے سامنے بند نہ باندھا گیا تو پھر کچھ نہیں بچے گا۔

قومی اسمبلی میں گفتگو کے دوران لیگی صدر کا کہنا تھا کہ یہاں ہم دن رات ریاست مدینہ کا ذکر سنتے ہیں، کہاں ریاست مدینہ اور کہاں یہ حکومت، ریاست مدینہ میں ناانصافی اور کمر توڑ مہنگائی نہیں تھی، کوئی بھوکا نہیں سوتا تھا، کسی بیوہ کی حق تلفی نہیں ہوتی تھی، ریاست مدینہ میں بےروزگاری نہیں تھی۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ملک پر بھاری بوجھ بن چکی ہے، ریاست مدینہ کا نام لینے والی حکومت نے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ ڈیڑھ روپے سے زائد اضافہ کردیا۔ بجلی کے بل بم بن کر عوام پر گر رہے ہیں۔ بچہ بچہ گواہی دے رہا ہے کہ یہ 74 سال میں بد ترین حکومت آئی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آٹا، چینی اور دال 20 ہزار ماہانہ کمانے والے کی پہنچ سے باہر ہو چکے ہیں، غریب بجلی کا بل اور ادویات کہاں سے لائے گا، حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے ایڑھی چوٹی کا زور لگا دیا، آئی ایم ایف اب بھی ان سے راضی نہیں ہوا، اللہ جانتا ہے کہ اس تباہی کا انجام کیا ہو گا۔

لیگی صدر کا کہنا تھا کہ معیشت کی اتنی تباہی جس کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا، ایل این جی خریدنے کے لیے نا جانے حکومت کس کا انتظارکرتی رہی؟ مہنگے فرنس آئل سے بجلی عوام پربم برسا رہی ہے، حکومت نے عوام کی زندگی تنگ کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے ایوان میں فرمایا معیشت درست ہو گئی ہے، سفید پوش طبقہ بھی بھیک مانگنے پر مجبور ہو گیا، صدر مملکت کو یہ نظر نہیں آیا؟ صدر کو چینی، آٹا کے اربوں، کھربوں کے سکینڈل نظر نہیں آئے، معیشت کی تباہی ہوگئی ہے، 15ہزارارب کے قرضے لیے لیکن کہیں ایک نئی اینٹ نظرنہیں آتی، یہی پیسہ اگرعوام میں تقسیم کیا جاتا تو فی یونٹ تین روپے ہو جاتا، غریب عوام پرمہنگائی کے ڈرون حملے کیے جارہے ہیں، اگراس سیلاب کے سامنے بند نہ باندھا گیا تو پھر کچھ نہیں بچے گا، سب ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کل جشن عیدمیلادالنبی انتہائی جوش وجذبے سے منائیں گے۔
 

Advertisement