لاہور:(دنیا نیوز) این اے 133 ضمنی الیکشن کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ کے مدمقابل ن لیگ کا امیدوار کون ہوگا؟اس سلسلے میں ن لیگ نے بدھ کے روز مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما پرویز ملک چند روز قبل علالت کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے حلقہ این اے 133کے ضمنی الیکشن کے لئے امیدوار کا نام فائنل کرنے کے لئے (ن) لیگ کا مشاورتی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جبکہ امیداور کے لئے شائستہ پرویز ملک کو فیورٹ قراردیا گیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:این اے 133 ضمنی الیکشن: وزیراعظم نے جمشید اقبال چیمہ کو امیدوار نامزد کر دیا
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ شائستہ پرویز ملک این اے 133 کی جنرل نشست پر الیکشن لڑیں گی جبکہ نصیر بھٹہ ، عطا تارڑ،محمد زبیر ،خواجہ احمد حسان ،عمران گورائیہ اور پرویز رشید کے نام بھی زیر غور تھے۔
حافظ نعمان ،کرنل (ر) مبشر جاوید اور مہر اشتیاق کے اعلیٰ قیادت سے رابطے ہوئے اور این اے 133 کے کارکنوں نے شائستہ پرویز ملک کی باقاعدہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت شائستہ پرویز ملک کو جمشید اقبال چیمہ کے مقابلے میں اتارنا چاہتی ہے، بدھ کو ہونے والے اجلاس میں امیدوار کا اعلان متوقع ہے جبکہ پرویز ملک مرحوم کی فیملی میں بھی مشاورت مکمل کرلی گئی اور شہباز شریف کی طرف سے شائستہ پرویز کو الیکشن لڑنے کا کہا گیا تھا۔
ذرائع نے کہا کہ پرویز ملک مرحوم کی چھوٹے بیٹے بیرسٹر احمد پرویز کو سیاست میں نہ لانے کی خواہش تھی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے این اے 133 کے ضمنی الیکشن کے لیے جمشید اقبال کو پی ٹی آئی کا امیدوار نامزد کیا تھا۔