این اے 133 ضمنی الیکشن: وزیراعظم نے جمشید اقبال چیمہ کو امیدوار نامزد کر دیا

Published On 14 October,2021 04:59 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے این اے 133 کے ضمنی الیکشن کے لیے جمشید اقبال کو پی ٹی آئی کا امیدوار نامزد کر دیا۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما پرویز ملک چند روز قبل علالت کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں لکھا کہ عمران خان کی صدارت میں لاہور کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران پارلیمانی بورڈ نے این اے 133 کے ضمنی الیکشن کے لیے متفقہ طور پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جمشید اقبال چیمہ کو امیدوار کے طور پر نامزد کر دیا۔

واضح رہےکہ  جمشید اقبال چیمہ معاون خصوصی برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی بھی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

پی ٹی آئی پہلی سیاسی جماعت ہے جس نے ضمنی انتخاب کے لیے امیدوار نامزد کیا ہے جب کہ مسلم لیگ ن اور ‏پیپلزپارٹی سمیت دیگر جماعتیں اپنے امیدوار فائنل نہیں کر سکی ہیں۔

خیال رہے کہ 2018ء کے الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ ن کے محمد پرویز ملک نے 89 ہزار سے زائد ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار اعجاز چودھری نے 77 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے۔

Advertisement