وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پر حضرت علی ؑ کا قول شیئر کر دیا

Published On 13 October,2021 08:21 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر حضرت علی ؑ کا قول شیئر کر دیا۔

ٹویٹر پر حضرت علی ؑ کا قول شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم نے لکھا کہ دنیا میں اس طرح کام کرو گویا تم نے ہمیشہ یہیں رہنا ہے اور آخرت کیلئے کام اس طرح کرو گویا کل تمہارا آخری دن ہے۔

ٹویٹر پر وزیراعظم نے مزید لکھا کہ تقریباً 15 سو سال قبل نبی کریم ﷺ نے تاکید کی تھی کہ اس زمین پر ہمیں تمام اقدامات کو مستقبل کی نسل پر اثرات کو مد نظر رکھ کر انجام دینے چاہئیں۔

یہ بھی پڑھیں: غربت کے حوالے سے وزیراعظم نے حضرت علیؑ کا قول شیئر کر دیا

عمران خان نے لکھا کہ صاحبِ بصیرت حضرت علیؑ نے بھی یہی کچھ فرمایا تھا۔ ہم مسلمانوں کو اپنی آئندہ نسل کی خاطر ماحولیات کے تحفظ کے لئے قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔

اس سے قبل  وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق اجلاس ہوا۔ امین اسلم نے شرکاء کو موسمیاتی تبدیلی کی پالیسی ، قومی وائلڈ لائف پالیسی اور گرین کلائمیٹ ڈپلومیسی کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے ’’ قومی موسمیاتی تبدیلی پالیسی 2021 اور قومی وائلڈ لائف پالیسی 2021کی منظوری دے دی۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ مارگلہ ہلزمیں خصوصی زون کو چیتے کے تحفظ کا علاقہ قرار دیا جائے گا، اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر میں وائلڈ لائف انفارمیشن سینٹر کے قیام اور بین الاوزارتی تھنک ٹینک تشکیل دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

وزیراعظم نے کہاعالمی برادری نے موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کیاوزارت موسمیاتی تبدیلی ماحول کو محفوظ بنانے کے لئے اہداف مقرر کرے،نیشنل پارکس کی حفاظت کے لئے تربیت یافتہ عملہ اور ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 10 ارب درختوں کے پروگرام کی وجہ سے گرین چیمپئن کی حیثیت حاصل کی دنیا کو ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں مدد کرنی چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع کیا آج دنیا موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کے نقش قدم پر چل رہی ہے۔

Advertisement