اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کاصحت کارڈ پاکستان سمیت پوری دنیا میں منفرد اقدام ہے، پسماندہ طبقے کیلئے صحت اور احساس کارڈ ایک بڑا ریلیف فراہم کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں کسان، ہیلتھ اور احساس کارڈ کی پیشرفت سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں معاونینِ خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈاکٹر فیصل سلطان، جمشید اقبال چیمہ اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔
وزیراعظم کو اجلاس کے دوران ہیلتھ کارڈ کی تقسیم اور اس کے ذریعے لوگوں کو صحت کی سہولیات کے حصول پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پنجاب میں صحت کارڈ کی تقسیم کے دوسرے مرحلے کو جلد لاہور سے شروع کیا جائے گا۔
عمران خان نے ہیلتھ، کسان اور احساس کارڈ کی تقسیم کے انتظامات کی جلد تکمیل کی ہدایات کر دیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کاصحت کارڈ پاکستان سمیت پوری دنیا میں منفرد اقدام ہے، پسماندہ طبقے کیلئے صحت اور احساس کارڈ ایک بڑا ریلیف فراہم کریں گے، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اس حوالے سے خصوصی سیل بنا کر کام میں تیزی لائی جا رہی ہے، لاہور میں تکمیل کے بعد جلد صحت کارڈ کی تقسیم پورے پنجاب میں یقینی بنائی جائے گی، صحت، احساس اور کسان کارڈ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔