وزیراعظم عمران خان کا رحمتہ اللعالمینﷺاتھارٹی قائم کرنے کا اعلان

Published On 10 October,2021 05:37 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) عشرہ رحمت اللعالمین ﷺ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، اسلام آباد میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعظم عمران خان نے رحمتہ اللعالمین اتھارٹی قائم کرنے کا اعلان کیا اورنوجوانوں کو خصوصی پیغام دیا دیا کہ نبی آخر الزماں ﷺ کی سیرت طیبہ پر عمل ہی کامیابی کا واحد راستہ ہے،عشرہ رحمت اللعالمینﷺ کے آغاز پر فخر محسوس کررہا ہوں،میری والدہ نے ہمیشہ مجھے سیدھے راستے پر چلنے کی دعا مانگنے کا کہا جبکہ جیسا میں آج ہوں ویسا پہلے کبھی نہیں تھا۔

اسلام آباد میں عشرہ رحمت اللعالمینﷺ کی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام مجید سے کیا گیا جبکہ تقریب میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرنے سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے لئے فاتحہ خوانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ اپنی زندگی کا تنقیدی جائزہ لیتا ہوں،18سال کی عمر میں پہلی مرتبہ انگلینڈ گیا،جیسا میں آج ہوں ویسا پہلے کبھی نہیں تھا، موجودہ دور میں نوجوان نسل دباؤ کا شکار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ زندگی میں دو راستے ہوتے ہیں،ایک راستہ ناجائز دولت کمانے کا اور دوسرا سیرت نبیﷺ پر عمل کرنے کا ہے،اللہ ہمیں نبی ﷺ کی زندگی سے سیکھنے کا کہتا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ  کرپشن غربت کی سب سے بڑی وجہ، معاشرے کو بدعنوانی روکنے کیلئے اٹھنا ہوگا، حکومت میں آنے سے پہلے سب دھاندلی کا شور مچاتے ہیں، اقتدار ملنے کے بعد کوئی اس معاملے پر بات بھی نہیں کرتا، ملک میں پہلی حکومت ہے جو انتخابی اصلاحات کی کوشش کررہی ہے۔

وزیراعظم نے رحمتہ اللعالمینﷺاتھارٹی قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس اتھارٹی میں دنیا بھر کے مذہبی سکالر شامل ہونگے۔

Advertisement