اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے سندھ میں مسافر کی جان بچانے والے کانسٹیبل کو تمغہ شجاعت دینے کی سفارش کر دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سندھ پولیس کے کانسٹیبل جمال کلہوڑو کو تمغہ شجاعت دینے کے لیے نامزد کردیا۔ انہوں نے صدر عارف علوی سے کانسٹیبل جمال کلہوڑو کو تمغہ شجاعت دینے کی سفارش کی، کانسٹیبل کو تمغہ شجاعت یوم پاکستان کے موقع پر 2023ء میں دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ آئی جی سندھ نے بھی جمال کلہوڑو کو سول ایوارڈ دینے کی سفارش کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: دورانِ ڈیوٹی نوجوان کی زندگی بچانے پر وزیراعظم کا پولیس اہلکار کو خراج تحسین
واضح رہے کہ کانسٹیبل جمال کلہوڑو نے 17 اگست کو خیرپور ریلوے اسٹیشن پر مسافر کی جان بچائی تھی۔
یہ وہ مقام ہے جہاں فرض تقدیس سے ہمکنار ہوتا ہے۔ عوام الناس کی خدمت کے حوالے سے اس نوجوان سپاہی کے ہاں دکھائی دینے والا عزم قابلِ تحسین ہے۔pic.twitter.com/B1xozkj06a
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 19, 2021
محرم الحرام میں رش کے باعث مسافر ٹرین کی چھت پر سوار ہوگئے تھے، خیرپور ریلوے اسٹیشن پر مسافر اچانک ٹرین کی چھت سے نیچے گر گیا تھا، چھت سے گرنے والا مسافر پلیٹ فارم اور ٹرین کے درمیان پھنس گیا تھا، اسٹیشن پر ڈیوٹی پر مامور کانسٹیبل نے مسافر کو ٹرین کے نیچے آنے سے بچایا تھا۔
کانسٹیبل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، وزیراعظم نے بھی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھی اور کانسٹیبل جمال کلہوڑو کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔