دورانِ ڈیوٹی نوجوان کی زندگی بچانے پر وزیراعظم کا پولیس اہلکار کو خراج تحسین

Published On 19 August,2021 09:34 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ڈیوٹی کے دوران نوجوان کو ٹرین کے نیچے آنے سے بچانے کے اقدام پر پولیس اہلکار کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرین پر شہریوں کی بڑی تعداد سفر کر رہی ہے، اس دوران پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹی پر مامور ہے۔

ٹویٹر پر صارفین ویڈیو شیئر کر کے پولیس اہلکار کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں، یہ ویڈیو 8 محرم الحرام کی ہے، جو سکھر کے قریب روہڑی سٹیشن کی ہے، اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک

ایک عزادار ٹرین پر سفر کرتے ہوئے نیچے گر گیا ہے جس کو ڈیوٹی پر معمور پولیس اہلکار جمیل کلھوڑو نے بروقت حاضر دماغی کے ساتھ نوجوان کو ٹرین کے نیچے آنے سے بچا لیا۔

ٹویٹر پر متعدد صارفین سندھ پولیس سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ اس پولیس اہلکار کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

ٹویٹر پر اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ یہی وہ مقام ہے جہاں پر فرض مقدس بن جاتا ہے، نوجوان پولیس اہلکار کی عوام کی خدمت کے عزم کو سراہتا ہوں۔

اس سے قبل یوم عاشورکے موقع پرصدرڈاکٹرعارف علوی اوروزیراعظم عمران خان نے اپنے الگ الگ پیغامات میں کہاہے کہ حضرت امام حسین اور ان کے جانثاررفقاء کی شہادت اس پختہ عزم اور صبروتحمل کی علامت ہے کہ ہمیں ہمیشہ حق وصداقت کاساتھ دیناچاہیے اورحقیقی نصب العین کے حصول کے لئے اپنی جان قربان کرنے سے بھی ہرگزدریغ نہیں کرناچاہیے۔

صدرڈاکٹرعارف علوی نے قوم پرزوردیاکہ وہ حضرت امام حسین کی تعلیمات کے مطابق نفرت ، بدنیتی اورفرقہ واریت سے بالاترہوکرمتحدرہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے مذہب ،قوم اورملک کے استحکام کے لئے عزم وحوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہرطرح کی قربانیوں کے لئے تیاررہناچاہیے کیونکہ دنیاوآخرت میں کامیابی کا یہی واحدراستہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے قوم پرزوردیا کہ ہرطرح کے جھوٹ اوربدگوئی کوترک کرکے سچائی و انصاف کی معاونت کے ذریعے حضرت امام حسین کو خراج عقیدت پیش کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ حضرت امام حسین آنیوالے تمام وقتوں میں ظلم وبربریت کے خلاف جدوجہد کے لئے طاقت اورجھوٹ کے خلاف قوت کی علامت بن چکے ہیں۔وزیراعظم نے لوگوں پرزوردیاکہ ہمیں حضرت امام حسین کی پیروی کرتے ہوئے حق وصداقت اور انصاف کے اصولوں کی سربلندی کے لئے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کرنے سے ہرگز دریغ نہیں کرناچاہیے۔وزیراعظم اورصدرنے لوگوں کوہدایت کی کہ وہ کوروناسے بچاؤ کے قواعدوضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

ادھر اطلاعات و نشریات کے وزیر فواد چودھری نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن حق اور صداقت کی فتح کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ پیغمبر پاکۖ کی حرمت کی خاطر حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ساتھیوں کی جانب سے دی گئی عظیم قربانیاں پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہیں۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ہمیں عظیم اہداف، حق اور صداقت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہئے۔

Advertisement