کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ امام حسینؓ نے میدان کربلا میں اسلام کی بقاء اور سربلندی کیلئے عظیم ترین قربانی دی، قربانی نے یہ نظیر قائم کی کہ حق کی طاقتیں باطل قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکاتیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ ہم فرقہ ورانہ ہم آہنگی، بھائی چارے اور یکجہتی کے جذبات کو فروغ دیں، علماء کرام کو معاشرے کی صحیح سمت میں رہنمائی کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا، محرم الحرام ہمیں صبر، استقامت، برداشت، قربانی اور باطل کے خلاف کھڑے ہونے کا درس دیتا ہے۔
جام کمال کا کہنا تھا کہ موجودہ وقت میں اتحاد بین المسلمین ناگزیر ہے، ہمیں کفری قوتوں سے مقابلے کیلئے اپنی صفوں میں مکمل اتحاد برقرار رکھنا ہوگا، تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کو کردار ادا کرتے ہوئے معاشرے کی صحیح سمت میں رہنمائی کرنا ہوگی، کورنا وائرس کا خطرہ موجود ہے، احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد جاری رکھنا ہوگا، جلوسوں اور مجالس میں شرکاء محتاط رہیں اور ماسک کا استعمال ضرور کریں۔