اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ سیکڑوں برس گزر جانے کے باوجود یہ زخم، غم اور واقعہ تازہ ہے، حضرت امام حسینؓ نے حق و باطل کے معرکے میں حق کا ساتھ دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امام عالی مقامؓ کی شہادت پر امت آج بھی افسردہ ہے، سیکڑوں برس گزر جانے کے باوجود یہ زخم، غم اور واقعہ تازہ ہے، نواسہ رسول مقبول ﷺ نے یزید کے جبر، ظلم و ستم کو ماننے سے انکار کیا، امام عالی مقامؓ نےشہادت قبول فرمائی لیکن ظلم و جبر کے سامنے سر نہ جھکایا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؓ نے حق و باطل کے معرکے میں حق کا ساتھ دیا، اللہ ہمیں امام حسینؓ کے جذبہ شہادت، حق پرستی کو اپنے اندر تازہ کرنے کی توفیق دے۔
ادھر ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں جلوس نکالے جا رہے ہیں، ہر آنکھ ماتمِ حسین میں اشکبار ہے۔
کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا تبت سنٹر پہنچا، جہاں شرکا نے نماز ظہرین ادا کی۔ جلوس کا اختتام حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر ہوگا۔
لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس روایتی راستوں پر گامزن ہے۔ عزداروں نے نماز ظہرین سنہری مسجد پر ادا کی، جلوس مغرب کے قریب کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
راولپنڈی میں بھی یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے برآمد ہوا، جو بنی میں امام بارگاہ قدیمی پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
پشاور، کوئٹہ ، ملتان اور فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی جلوس نکالے گئے۔ عزادار حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقا کی عظیم قربانی کو سلام عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
یوم عاشور پر ملک بھر میں مجالس اور جلوسوں کے سخت سکیورٹی اقدامات کیے گئے۔ ہزاروں پولیس اہلکار تعینات ہیں، مختلف شہروں میں جلوس کے راستوں پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے جبکہ موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔