اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حضور ﷺ کے روزمرہ زندگی کے اصولوں کو اجاگر کیا جائے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی صدارت میں عشرہِ رحمت العالمین اور 12 ربیع الاول کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو عشرہِ رحمت العالمین کے حوالے سے بنائے گئے لائحہِ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء فواد احمد چودھری، نور الحق قادری، معاونینِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل اور ارسلان خالد نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عشرہ رحمت العالمین ﷺ میں نوجوانوں اور بچوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے، حضور ﷺ کے روزمرہ زندگی کے اصولوں کو اجاگر کیا جائے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ حضور ﷺ پوری کائنات کیلئے رحمت بن کر نازل ہوئے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پوری انسانیت کیلئے مشعلِ راہ ہے۔