اسلام آباد: (دنیا نیوز) نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کی سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے لیے سمری وزارت دفاع کی جانب سے بھجوائی گئی ہے۔
واضح رہےکہ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان نئے ڈی جی آئی ایس آئی کیلئے مشاورت مکمل ہو گئی۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ نئی تقرری کا پراسس شروع ہو چکا ہے، ایک بار پھر سول اور فوجی قیادت نے یہ ثابت کیا ہے کہ ملک کے استحکام، سالمیت اور ترقی کیلئے تمام ادارے متحد اور یکساں ہیں۔
گزشتہ روز وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور عامر ڈوگر نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں کہا تھا کہ وزراعظم چاہتے تھے کہ افغانستان کی صورت حال کے باعث لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید مزید کچھ ماہ اپنے عہدے پر رہیں۔
عامر ڈوگر کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نےکابینہ میں کہاکہ آرمی چیف کے ساتھ مثالی تعلقات ہیں، ڈی جی آئی ایس آئی کیلئے 3 سے 5 نام آئیں گے، ان 3 سے 5 ناموں میں سے وزیراعظم نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی منظوری دیں گے۔