'نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری پر مشاورت مکمل، پراسس شروع ہو چکا ہے'

Published On 13 October,2021 10:42 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری پر مشاورت کا عمل مکمل، نئی تقرری کا پراسس شروع ہو چکا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر سول اور فوجی قیادت نے یہ ثابت کیا ہے کہ ملک کے استحکام، سالمیت اور ترقی کیلئے تمام ادارے متحد اور یکساں ہیں۔

 یاد رہے گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری وزیراعظم کی اتھارٹی ہے، معاملے پر مکمل اتفاق رائے موجود ہے، تمام آئینی اور قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کابینہ کو ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے حوالے سے اعتماد میں لیا، گزشتہ رات کو وزیراعظم اور آرمی چیف کی بہت طویل نشست ہوئی، جنرل باجوہ اور وزیراعظم کے آپس میں بہت ہی قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں، یہ پاکستان کی تاریخ کے ضمن میں بھی بہت اہم بات ہے، سول اور ملٹری کے درمیان بہت آئیڈیل تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پربہت سارے لوگوں کی خواہشات ہیں، جن کی خواہشات ہیں ان کو بتا دوں کبھی بھی وزیراعظم آفس کچھ ایسا ہرگز قدم نہیں اٹھائے گا جس سے پاکستان کی فوج کی عزت میں کمی ہو، یہ بھی بتا دوں پاکستان کی فوج کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے پاکستان کے وزیراعظم آفس یا سول سیٹ اپ کی عزت میں کمی ہو، دونوں کا ایک دوسرے سے انتہائی قریبی رابطہ اور تعلق ہے۔

 

Advertisement