وزیراعلی بزدار سمیت اہم شخصیات کے عید میلادالنبی ﷺ کے پرمسرت موقع پر خصوصی پیغامات

Published On 19 October,2021 09:47 am

لاہور: (دنیا نیوز) عید میلاالنبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے موقع پر مختلف شخصیات نے اپنے پیغامات میں آپ سرکارؐ سے عقیدت و محبت کا اظہارکیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عالم اسلام کو درپیش مسائل کا حل سیرت النبیؐ میں ہے، افسوس کا مقام ہے آج ہم پیارے نبی کریمؐ کی تعلیمات کو بھلا چکے ہیں، اقوام عالم میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کیلئے اسوہ حسنہؐ پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونا ہوگا۔

عید میلاد النبی ﷺکے حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بھی عقیدت کا اظہار کیا، اپنے پیغام میں کہا کہ آپﷺ کی ولادت انسانیت پر اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم، آپ ﷺ سے محبت ایمان کا بنیادی تقاضا ہے۔

گورنر پنجاب چودھری سرور نے پرمسرت موقع پر تمام عالم اسلام کو مبارکباد دی، اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت محمد ﷺ نے برداشت اور عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کی بنیاد رکھی، خاتم البنیین ﷺ سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم ان کی تعلیمات پر عمل کریں۔

وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہمارے لئے اس سے بڑی دنیا کی کوئی نعمت نہیں کہ ہم حضور ﷺ کے امتی ہیں، آپﷺ کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے زندگی اور آخرت دونوں سنواری جاسکتی ہیں ۔


امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم پوری کائنات کیلئے رحمت ہیں، آپؐ نے انسانوں کوشریعت اور نظام اسلام سے متعارف کرایا، ملک میں نظام مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے نفاذ کیلئے جہدوجہد کی جائے۔