اسلام آباد: (دنیا نیوز) افغانستان میں فوجی اور انٹیلی جنس آپریشن کیلئے پاکستانی فضائی حدود کا استعمال، ترجمان دفتر خارجہ نے معاہدے کے حوالے سے خبروں کی تردید کر دی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان اور امریکہ کے مابین معاہدے کو باقاعدہ شکل دینے کے حوالے سے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین ایسے کسی معاہدے پر بات چیت نہیں ہو رہی، پاکستان اور امریکہ کا علاقائی سلامتی اور انسداد دہشت گردی پر دیرینہ تعاون ہے، پاکستان اور امریکہ میں باقاعدہ مشاورت جاری ہے۔
ادھر سی این این نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں فوجی آپریشن کے لئے امریکا پاکستان کے ساتھ باضابطہ معاہدے کے قریب ہے، معاہدے سے امریکا افغانستان میں فوجی آپریشن کیلئے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرے گا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ابھی تک معاہدے کی شرائط طے نہیں پائیں، پاکستان 2 شرائط پر ایم او یو سائن کرنے کیلئے رضا مند ہے۔ پاکستان کی طرف سے انسداد دہشتگردی کی کاوشوں اور بھارت سے تعلقات میں بہتری کی مدد کی شرائط بھی شامل ہیں۔ بائیڈن انتظامیہ نے ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ معاہدے کا جلد امکان ہے۔