اسلام آباد: (دنیا نیوز) سی این این نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں فوجی آپریشن کے لئے امریکا پاکستان کے ساتھ باضابطہ معاہدے کے قریب ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق معاہدے سے امریکا افغانستان میں فوجی آپریشن کیلئے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرے گا، ابھی تک معاہدے کی شرائط طے نہیں پائیں، پاکستان 2 شرائط پر ایم او یو سائن کرنے کیلئے رضا مند ہے۔ پاکستان کی طرف سے انسداد دہشتگردی کی کاوشوں اور بھارت سے تعلقات میں بہتری کی مدد کی شرائط بھی شامل ہیں۔ بائیڈن انتظامیہ نے ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ معاہدے کا جلد امکان ہے۔
ادھر ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان اور امریکہ کے مابین معاہدے کو باقاعدہ شکل دینے کے حوالے سے خبروں کی تردید کر دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین ایسے کسی معاہدے پر بات چیت نہیں ہو رہی، پاکستان اور امریکہ کا علاقائی سلامتی اور انسداد دہشت گردی پر دیرینہ تعاون ہے، پاکستان اور امریکہ میں باقاعدہ مشاورت جاری ہے۔