حکومت مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کی تکلیف سے آگاہ ہے: وزیراعظم

Published On 22 October,2021 03:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کی تکلیف سے پوری طرح آگاہ ہے، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔

 وزیراعظم عمران خاں کو مہنگائی، امن و امان کی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں بارے بریف کیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی اور آئی جی پنجاب راؤ سردار علی بھی اس ملاقات میں شریک ہوئے۔ وزیر اعظم کو مہنگائی پر قابو پانے اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت پائیدار اقدامات کر کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے ضلع اور تحصیل کی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کی گئی ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پنجاب میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں تاکہ عوام کی سہولت ہو، عوام کے فائدے کے لیے تمام عوامی فلاحی منصوبوں کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے گا، قانون سب کے لیے برابر ہے، قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

قبل ازیں وزیر اعظم نے زرعی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو یونیورسٹی بنانے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں گورنر پنجاب چودھری سرور نے زرعی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو یونیورسٹی بنانے کی درخواست کی، جس کی منظوری دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو یونیورسٹی کے قیام کیلئے تمام فنڈز فراہم کر نے کی بھی ہدایت جاری کی۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عوام سے یونیورسٹی کے قیام کا وعدہ پور ا کر رہے ہیں۔ یونیورسٹی کی منظوری دینے پر وزیراعظم عمران خان کا بھی شکر یہ ادا کر تا ہوں۔

ایوان وزیراعلی میں ہونے والی ملاقات میں گورنر پنجاب چودھری سرور نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ یورپ پر بریفنگ دی۔ گورنرپنجاب نے بتایا کہ دورہ یورپ کے دوران جی ایس پی پلس میں توسیع کے لئے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کیں۔ یورپی پارلیمنٹ کے 4 نائب صدور سمیت 30 یورپی اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات ہوئی۔ برسلز، ہنگری، اٹلی میں بھی اہم ملاقاتیں کیں۔

گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کا فیصلہ پاکستان کے حق میں آئے گا، یورپی پارلیمنٹ کے اراکین امن کے لیے پاکستانی کردار کے متعرف ہیں، افغان امن عمل کے لیے پاکستانی کردار کو یورپ میں سب سراہ رہے ہیں، یورپی اراکین پارلیمنٹ نے جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
 

Advertisement