لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب نے اپوزیشن کی احتجاجی کال کو نا مناسب قرار دے دیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کا موجودہ حالات میں احتجاج کرنا نا مناسب اور قومی مفادات کے خلاف ہے، یہ وقت سیاسی انتشار پھیلا کر ذاتی مفادات کو پرو ان چڑھانے کا نہیں۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اپوزیشن کی احتجاجی کال پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اپوزیشن کو سب سے پہلے اپنے لیڈروں کی کرپشن کے خلاف احتجاج کرنا چاہیے، اپوزیشن عناصر نے پہلے کورونا پر پوائنٹ سکورنگ کرنے کی ناکام کوشش کی، پھراپوزیشن ڈینگی پر سیاست چمکاتی رہی، اب یہ ایک بار پھر منفی سیاست کی آڑ میں ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن پراپیگنڈہ کر کے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی، حکومت کو عوام کی مشکلات کا پورا احساس ہے، مہنگائی پر قابو پانے کے لئے تمام انتظامی اقدامات اٹھا رہے ہیں، حکومتی اقدامات سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم ہوں گی۔
وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ منتخب نمائندوں اور انتظامی افسران کو مارکیٹوں اور بازاروں کے وزٹ کر کے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو چیک کرنے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں، حکومت کے موثر اقدامات کے نتائج جلد سامنے آئیں گے، عوام کی خدمت کے لئے آئے ہیں، اپوزیشن عوام کیلئے نہیں، صرف اقتدار کیلئے شور مچا رہی ہے۔