لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جیلوں کی بیرکس میں قیدیوں کیلئے اخبارات کے اجراء کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج نظام درست ہوگا تو کل اس بدلے ہوئے نظام سے قیدی اچھے شہری بن کر نکلیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے جیل بیرکس میں قیدیوں کو اخبار فراہم کرنے کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری اطلاعات کو ہدایات جاری کر دیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ بیرکس میں قیدیوں کیلئے اخبارات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، تمام جیلوں کی بیرکس میں قیدیوں کے لیے باقاعدگی سے اخبارات مہیا کیے جائیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ قیدیوں اور جیل ملازمین کیلئے 5 ارب 50 کروڑ روپے کے تاریخی پیکیج سے نظام میں حقیقی تبدیلی آئے گی، یہ تاریخ ساز پیکیج جیل نظام میں دوررس اور انقلابی تبدیلیوں کی بنیاد بنے گا، یہ صرف ایک پیکیج نہیں بلکہ قیدیوں اور جیل ملازمین کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ریلیف کی فراہمی کا جامع پروگرام ہے، 20 سے زائد جیلوں کے وزٹ کرچکا ہوں، قیدی جس کرب سے گزرتے ہیں وہ ناقابل بیان ہے، ہم نے فرسودہ نظام کو درست کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔