لاہور، گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں کالعدم جماعت کی طرف سے احتجاج کے بعد ٹریفک معمول پر آ گئی ہے۔ تاہم مارچ کو دریائے چناب کے قریب روکنے کے لیے جی ٹی روڈ پر خندقیں کھودی گئی ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، شہری بابوصابو، سگیاں، شاہدرہ اور ٹھوکر نیاز بیگ سمیت دیگر راستوں سے آجا سکتے ہیں، پولیس کالعدم تنظیم کی ریلی دوران شہریوں کو متبادل راستے فراہم کرتی نظر آئی۔
ترجمان کے مطابق متبادل راستوں پر اضافی نفری تعینات کرتے ہوئے ٹریفک کو رواں دواں رکھا گیا، فیروز پور روڈ، جیل روڈ، وحدت روڈ، مال روڈ، کینال روڈ پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، بابو صابو سے سکیم، سکم موڑ سے یتیم خانہ ٹریفک کےلئے کھول دیا گیا، لوئر مال، راوی پل، سیکرٹریٹ چوک میں ٹریفک معمول کے مطابق چل رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کالعدم جماعت کا احتجاج: وزیراعظم کی ہدایت پر شیخ رشید لاہور پہنچ گئے
دوسری طرف ہائی وے پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ میں دریائے چناب کے قریب مارچ کو روکنے کے لیے گھڑے کھود دیئے گئے ہیں، جی ٹی روڈ ٹول پلازہ پر 12فٹ چوڑی اور 12فٹ گہری خندقیں بنائی گئی ہیں، مارچ کو روکنے کیلئے اسلام آباد سے لاہور اور لاہور اسلام آباد جانے والا مین جی ٹی روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔
دوسری طرف جی ٹی روڈ پر گھڑے کھودے جانے سے عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، گھڑے کھودنے سے گوجرانوالہ شہر کا گجرات کا رابطہ کٹ گیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جانے سے قبل انہوں نے وزیرداخلہ شیخ رشید، وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری اور صوبائی وزیرقانون راجا بشارت پر مشتمل حکومتی ٹیم کو کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی قیادت سے مذاکرات کرکے معاملات کو حل کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت لاہور میں اہم اجلاس ہوا، پنجاب سیف سٹی اٹھارٹی آفس میں اجلاس میں وفاقی اور صوبائی وزراء بھی شریک ہوئے، اجلاس میں نور الحق قادری ،علی امین گنڈا پور، صوبائی وزیر قانون راجا بشارت ،آئی جی پنجاب اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید کو کالعدم تنظیم ٹی ایل پی مارچ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔