اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی بقاء اخلاقی اقدار کو مضبوط کرنے میں ہے۔ اخلاقی اقدار کی بہتری کیلئے نبی ﷺ کی سیرت طیبہ رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے۔
وزیرِ اعظم کی صدارت میں رحمتہ اللعالمین اتھارٹی پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس کو رحمتہ اللعالمین اتھارٹی پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اتھارٹی کا آرڈینینس جاری ہو چکا ہے، 6 ممبران پر مشتمل بورڈ کی صدارت عمران خان خود کریں گے، بورڈ ممبران میں مقامی اور بین الاقوامی سطح کے محققین شامل ہوں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ممبران کی تقرری میں میرٹ کا خاص خیال رکھا جائے، اسلامی خاندانی نظام اور اسکے معاشرے پر مثبت اثرات پر بھی تحقیق ہونی چاہئے، ملک کی بقاء اخلاقی اقدار کو مضبوط کرنے میں ہے۔ اخلاقی اقدار کی بہتری کیلئے نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رحمتہ اللعالمین اتھارٹی اخلاقیات کی قومی سطح پر بہتری کیلئے کلیدی اہمیت کی حامل ہے، ڈرامے، کارٹون اور فلمیں بنائی جائیں گی جن سے کلچر اور تاریخ کے بارے میں نوجوان نسل کو آگاہی دی جائے گی، سیرت طیبہ پر ملک میں بڑے پیمانے پر کام ہو رہا ہے، اتھارٹی کا مقصد مقامی اور بین الاقوامی کاوشوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنا ہے، اتھارٹی فرقہ ورانہ تقسیم کو ختم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔