لاہور: (دنیا نیوز) خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم کا معاملہ مزید الجھ گیا، جید علما کے ذریعے مظاہرین سے مذاکرات کئے جائیں، وزیراعظم اور وزرا کے بیانات میں تضاد ہے، حکومت وقت سے پہلے ہی گر جائے گی، یہ اپنے لئے خود مسائل پیدا کر رہے ہیں۔
لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومت خود ہی گرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے حکومتی وزرا کے متضاد بیان پر بھی نقطہ چینی کی۔ خواجہ سلمان رفیق نے ڈینگی کی خراب صورتحال کا ذمہ دار وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو قرار دے دیا۔
ادھر احتساب عدالت میں پیراگون ریفرنس کی سماعت جج نسیم احمد ورک نے کی۔ خواجہ برادران نے عدالت میں پیش ہوکر حاضری مکمل کرائی تاہم نیب آرڈینس میں گواہ کے بیان کی ریکارڈنگ کے معاملے پر صورتحال واضح نہ ہونے پر ریفرنس میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔ احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہوں کو بیانات قلمبند کرانے کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت 17 نومبر تک ملتوی کر دی۔